وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک میں الیکشن منسوخ کرنے کی بات ہورہی ہے ایسی کسی بھی صورتحال کا دفاع کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ غلام گردشوں میں سرگوشیاں ہورہی ہیں کہ انتخابات سے متعلق اکتوبر میں درخواست سپریم کورٹ میں لگائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست آئی تو نمٹ لیں گے۔
میزبان نے سوال کیا کہ درخواست آئی تو حکومت خود گھر جائے گی؟ جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ہم دفاع کریں گے، مزاحمت بھی کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کے نتیجے میں ہمیں جو اسپیس ملی ہے اس کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، اس سلسلے میں ہمارے پاس جو جو دوا موجود ہے، استعمال کریں گے
انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے اس میں سیاست دانوں کے ساتھ عدلیہ کا بھی حصہ ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کوئی نہ کوئی آئینی ٹوٹ پھوٹ ہونے والی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کے لیے خطرہ بن چکی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ جلدبازی میں ہوا، اتحادیوں سے مشاورت ضروری ہے، اتفاق رائے سے ایکشن لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح ہو یا کوئی اور پی ٹی آئی کو امریکا سے امداد مل رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے امریکا کے خلاف باتیں کیں۔ اب پورا امریکی نظام پی ٹی آئی کے حق میں بول رہا ہے۔ امریکا کو اپ سیٹ کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے۔