کار میں دم گھنٹے سے بچہ جاں بحق، مقدمہ قتلِ عمد میں تبدیل

کراچی: گلستان جوہر کے علاقے میں گاڑی میں دم گھٹنے سے 4 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے میں پولیس نے مقدمہ کو قتل خطا سے قتلِ عمد میں تبدیل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں 302 کی دفعہ شامل کر دی گئی ہیں مقدمہ میں بچے کے تایا اور پھوپھی نامزد ملزمان ہیں.

15جون کو گلستان جوہر میں گاڑی میں دم گھٹنے سےحسین جاں بحق ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچےکی والدہ خدیجہ نے عدالت میں قتل کی دفعہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا پولیس نے تفتیش کے بعد ابتدائی چالان میں قتل کی دفعہ شامل کر دی۔

غم سے نڈھال ماں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کوجان بوجھ کرقتل کیا گیا اور اسے دانستہ گاڑی میں بند کیا گیا۔

بچے کی والدہ کا کہنا تھا کہ مقدمے میں لکھا گیا غفلت سے واقعہ پیش آیا لیکن میں نے ایسا کچھ نہیں لکھوایا، تفتیشی افسرتعاون نہیں کر رہا۔

جاں بحق بچے کی ماں نے تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بھی مجھ سےرابطہ نہیں کیا۔

انھوں نے بتایا کہ پسند کی شادی تھی، شوہر کے گھر والے نہیں مان رہےتھے، شوہر کے گھر والوں کی طرف سے مجھے ٹارچر کیا جاتا ہے۔