’الیکشن کمیشن کی باگ ڈور آئین و قانون کی پاسداری کرنے والوں کے سپرد کی جائے‘

پی ٹی آئی راولپنڈی جلسے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی باگ ڈور آئین و قانون کی پاسداری کرنے والے افراد کے سپرد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ای سی پی کا سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے متعلق اعلامیہ عدالتی حکم کی نفی ہے، اعلامیہ تضادات کا مجموعہ اور عدالتی حکم کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایک جانب عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب فیصلے کی تردید کرتے ہوئے اپنے مجرمانہ کردار پر مہر تصدیق ثبت کر دی، اب کوئی ابہام باقی نہیں رہا کہ ای سی پی نے عدالتی حکم کی غلط تشریح کی۔

انہوں نے کہا کہ گمراہ کن اعلامیہ الیکشن کمیشن کو اپنے حلف سے روگردانی کے جرم سے بری الذمہ نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے انحراف کی کوشش کے سنگین منفی اور دُور رس نتائج ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو عوامی مینڈیٹ کے بعد عدالتی حکم کی بے توقیری کی اجازت نہیں دے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین پر مستعفی ہوں۔

گزشتہ روز مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کی صدارت کی تھی جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لیگل ونگز کی جانب سے شرکا کو بریفنگ دی گئی تھی۔

اجلاس میں سپریم کورٹ فیصلے پر عملدرآمد کے پہلوؤں پر غور کیا گیا تھا جبکہ لا ونگ نے مخصوص نشستوں کا معاملہ تفصیلی فیصلے تک مؤخر کرنے کی تجویز دی تھی۔

ذرائع الیکشن کمیشن لا ونگ نے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے میں کچھ ابہام موجود ہیں، ابہام دور کرنے کیلیے ان چیمبر رجوع یا تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان ای سی پی نے بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کل اور آج سپریم کورٹ حکم پر عملد رآمد کیلئےاجلاس ہوا، الیکشن کمیشن کی جانب سے لیگل ٹیم کو ہدایات جاری کی گئیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے کسی پوائنٹ پرعملدرآمد میں رکاوٹ ہے تو فوری نشاندہی کریں،لیگل ٹیم نشاندہی کرےتاکہ مزید رہنمائی کیلئےسپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔

ترجمان نے چیف الیکشن کمشنر ،معزز ممبران کو بے جا تنقید کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر ،معزز ممبران پر ایک سیاسی جماعت کی تنقید کومسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور معززممبران سے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے ، الیکشن کمیشن دباؤکو خاطر میں نہ لاتے ہوئےآئین وقانون کےمطابق کام کرتا رہے گا۔