تامل فلموں کے ورسٹائل اداکار وجے سیتھوپتی نے کہا ہے کہ جب انھوں نے اپنی نئی فلم ’مہاراجہ‘ کی کہانی سنی تھی تو ہل گئے تھے۔
مہاراجہ تھیٹرز اور نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والے وجے سیتھوپتی کی نئی تامل فلم ہے جسے شائقین کی جانب سے کافی پسند کیا جارہا ہے جبکہ فلم میں وجے سیتھوپتی کی پرفارمنس بھی کمال کی ہے، فلم میں انھوں نے ایک ایسے باپ کا کردار نبھایا ہے جو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھتا۔
اس وقت وجے مہاراجہ کی کامیابی پر کافی خوش نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہم بحیثیت اداکارف بہت سی فلمیں کرتے ہیں، کچھ فلمیں اس طرح ہٹ ہو جاتی ہیں، کچھ فلمیں لوگوں پر اثر انداز ہوتی ہیں جبکہ کچھ سے جذبات جڑ جاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم تمام فلموں کا انتخاب بہت شوق اور اتنی محنت کے ساتھ کرتے ہیں، جب اس فلم کا اسکرپٹ میرے پاس آیا تو میں نے اسے پسند کیا اوراس نے مجھے اپنی طرف متوجہ کیا، میں مہاراجہ کا اسکرپٹ سن کر ہل گیا تھا، میں نے فلم کی پوری کہانی سنی تھی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وجے سیتھوپتی شروع میں مہاراجہ میں رول قبول کرتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار تھے کیونکہ اس سے پہلے وہ اسی طرح کے موضوع کے ساتھ ایک اور پروجیکٹ کو بھی سائن کرچکے تھے۔
وجے نے اعتراف کیا کہ بچوں کی عصمت دری کے موضوع کے بارے میں جب میں نے کہانی سنی تو کانپ گیا۔ کوئی بھی بچے کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتا ہے اور ایک باپ ایسے صدمے کا کیسے مقابلہ کر سکتا ہے؟
تاہم پھر ہم اداکاروں کو ذاتی جذبات سے الگ ہونا پڑتا ہے اور ہم یہ کرتے ہیں، ہم صرف یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ شاٹ میں اس طرح کے جذبات کو کیسے پیش کیا جائے۔