ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ اٹک جیل میں زمین پر کیڑے چھوڑے گئے، بانی پی ٹی آئی بالوں سے کیڑے نکالتے تھے۔
پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ اٹک جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سونے کے لیے چٹائی بھی نہیں دی گئی تھی اور زمین پر کیڑے چھوڑ دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے ان سے ملتا ہوں وہ اپنی ذات کے بارے میں کچھ نہیں بتاتے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے یہ باتیں بتائی ہیں تو بہت اچھا کیا، دیکھیں گے ہماری لیگل ٹیم اس سلسلے میں کیا کرسکتی ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن پر ہمیں 23 جولائی کو طلب کیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس ہمیں پہلے دائر کرنا چاہیے تھا تاخیر ہوئی۔
رؤف حسن نے بتایا کہ قانونی ماہرین کی رائے تھی کہ ابھی ریفرنس نہ دیں کیسز چل رہے ہیں۔
ایڈہاک جج سے متعلق انہوں نے کہا کہ دو ججز نے آج حلف اٹھایا ان میں سے ایک جج نے معذرت کرلی تھی، 8-5 کے فیصلے کی تفریق کو واپس کرنے کے لیے ایڈہاک ججز لائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کہتا ہے جس بینچ نے فیصلہ دیا وہی نظرثانی سن سکتی ہے، اس عدالت میں بہت کچھ ہوتا رہا ہے تو کوئی بعید نہیں کہ تبدیلی کی کوشش کریں۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ 13 ججز کی بجائے 17 ججز بٹھائیں ان میں سے 4 ایڈہاک ججز ہوں۔