پولیس اہلکار کو 2 بیویوں سمیت قتل کر دیا گیا

مردان میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے جس میں شوہر کو اس کی دو بیویوں سمیت قتل کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق تہرے قتل کی یہ واردات مردان کے علاقے سعید آباد باجوڑو کورونا میں پیش آیا جہاں ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص اور اس کی دو بیویوں کو قتل کر دیا۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جب کہ تہرے قتل کے باعث علاقے میں خوف وہراس بھی پھیل گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کانسٹیبل نے کچھ عرصہ قبل ہی دوسری شادی کی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مقدمے میں مقتول کے دو سالوں اور سسر کو نامزد کیا گیا ہے۔ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔