مٹھائی کے ڈبوں میں اسمگل کی جانے والی کروڑوں مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی

ہوشیاروں کی ہوشیاری کام نہ آئی پولیس نے مٹھائی کے ڈبوں میں چھپا کر 7 کروڑ مالیت کی ہیروئن اسمگل کی کوشش ناکام بنا دی۔

جیسے جیسے چیکنگ کا نظام سخت ہوتا جا رہا ہے، ویسے ویسے غیر قانونی اشیا کی اسمگلنگ کے نئے نئے طریقے سامنے آ رہے۔ ایسا ہی ایک طریقہ مٹھائی کے ڈبوں میں سات کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن کو اسمگل کرنے کا سامنے آیا ہے جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا ہے۔

یہ واقعہ بھارت کے شہر حیدرآباد دکن کا ہے جہاں مٹھائی کے ڈبوں میں ہیروئن چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تاہم سائبر آباد پولیس نے نارکوٹکس بیورو کی مدد سے شلپا رامم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مٹھائی کے ڈبے برآمد کیے جس کے اندر سے مٹھائی کے بجائے ہیروئن نکلی۔

کمشنر پولیس اویناش موہانتی کے مطابق ضبط کی گئی ہیروئن ایک کلو ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 7 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ ہیروئن کو ایک، ایک پاؤ کے چار پیکٹ بنا کر ایک مٹھائی کے ڈبے میں ایک پیکٹ ہیروئن چھپائی گئی تھے۔

پولیس نے بتایا کہ حیدر آباد میں زیادہ قیمت پر ہیروئن فروخت کرنے کے لیے اسے ایک راجھستان سے بس کے ذریعے یہاں منتقل کیا جا رہا تھا۔