کراچی: کاٹن جنرز فورم کے مطابق کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں 48 فی صد کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں ابتدائی طور پر ریکارڈ کمی سامنے آئی ہے، 15 جولائی تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں روئی کی 4 لاکھ 42 ہزار بیلز کی آمد ہوئی۔
پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کپاس کی یہ آمد ریکارڈ 48 فی صد کم ہے، پنجاب میں کپاس کی آمد میں 42 فی صد جب کہ سندھ میں 50 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔
کپاس کی ملکی پیداوار میں ریکارڈ کمی کی بڑی وجہ کم کاشت اور انتہائی منفی موسمی اثرات بتائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کا کہنا ہے کہ فروری/مارچ میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کمی جب کہ مئی/جون میں ریکارڈ اضافے کے باعث کپاس کی کاشت اور اس کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے۔