بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ نے انکشاف کیا ہے کہ ڈریسنگ روم میں کسی کو بھی یوں اچانک کوہلی، روہت اور جڈیجا کی ریٹائرمنٹ کی توقع نہیں تھی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فتح کے فوری بعد ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں انڈین کپتان روہت شرما اور فائنل کے مرد میدان ویرات کوہلی نے اپنی ٹی ٹوئنٹی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ اگلے ہی دن آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے بھی اس فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
ورلڈ کپ میں بھارت کے بولنگ کوچ پارس مہمبرے نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ خصوصی بات چیت میں انکشاف کیا کہ تینوں کا یوں اچانک ریٹائرمنٹ لے لینا ٹیم انتظامیہ کے لیے بھی حیران کن تھا۔
انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی ڈریسنگ روم میں کوئی بھی اس طرح ریٹائرمنٹ کے اعلانات کی توقع نہیں کر رہا تھا۔
پارس مہمبرے نے کہا کہ اگر پہلے ہم سے کوئی اس طرح کی بات چیت ہوتی تو ہمیں معلوم ہوتا کہ یہ ریٹائرمنٹ کا اعلان آنے والا ہے لیکن ان میں سے کسی نے بھی اس طرح کی کوئی گفتگو نہیں کی تھی۔
اگر انفرادی طور پر یا نجی طور پر ان تینوں میں سے کسی نے راہول ڈریوڈ جیسے شخص کے ساتھ بات چیت کی ہو تو یہ الگ بات ہے، تاہم ٹیم کے پلیئرز اور اسٹاف کے لیے بھی یہ قدرے حیران کن تھا۔
خیال رہے کہ روہت شرما، 37، ویرات کوہلی، 35، جبکہ جڈیجہ بھی 35 سال کے ہوچکے ہیں اور انھوں نے اپنی بڑھتی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کی ورلڈکپ فتح کے ساتھ ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔