معاشی استحکام کیلیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، وزیر خزانہ

ٹیکسز کی آمدن بڑھانے کیلیے اقدامات مزید سخت کریں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

بیجنگ: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان معاشی استحکام کیلیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بیجنگ میں چینی ہم منصب لین فاؤ سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس آمدن بڑھانے کا مقصد معیشت کو مستحکم بنانا ہے، حکومت توانائی کی اصلاحات پر سختی سے کار بند ہے، سرکاری اداروں کے اصلاحات کا ہدف حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی شرح بڑھانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں محمد اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے قرض پروگرام کا معاہدہ ہوگیا، پاکستان معاشی میدان میں چین کے کردار کو سراہتا ہے۔

چینی وزیر خزانہ لین فاؤ کا کہنا تھا کہ چین نے گزشتہ 30 سال میں اہم معاشی کامیابیاں حاصل کی، پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مستحکم بنائیں گے۔

آئی ایم ایف نے آج تجارت سے متعلق اپنی رپورٹ حکومتِ پاکستان کے حوالے کر دی جس میں کہا گیا کہ پاکستان برآمدات بڑھانے میں انتہائی کمزور ملک ہے۔ رپورٹ میں ادائیگیوں پر پابندی، درآمدات میں رکاوٹیں اور ایکسچینج ریٹ بنیادی وجوہات قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق برآمدات اور درآمدات کیلیے عالمی مارکیٹس میں مقابلے کے رجحان کی فضا کو دیکھنا چاہیے، برآمدات بڑھانے کیلیے مقامی صنعت کی پیداوار میں مزید ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے، مقامی صنعتوں کی پیداوار بڑھانے اور ویلیو ایڈیشن کیلیے جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بنگلادیش، بھارت، ویتنام، تھائی لینڈ و دیگر ممالک کی نسبت پاکستانی برآمدات کم ہیں، پاکستان کو ٹیکسٹائل ایگریکلچر پراڈکٹس کے سوا دیگر شعبوں کی برآمدات بڑھانا ہوں گی۔

دوسری جانب ذرائع وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے برآمدات بڑھانے کیلیے معاشی ٹیم سے پلان طلب کر لیا۔