’پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ ان کا اپنا کیا ہوا ہے‘

مراد علی شاہ

سجاول: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ ان کا اپنا کیا ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سجاول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کا مفاہمت کے لیے پیغام دینا اچھی بات ہے، پہلے ان کے ذہن میں کچھ اور تھا اب وہ اپنی لائن بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے نیوٹرل جانور ہوتا ہے اب کہتے ہیں نیوٹرل اچھی چیز ہے، پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ چاہتی کیا ہے، پی ٹی آئی کے دور میں سیاست دانوں کے ساتھ جو سلوک ہوا سب کے سامنے ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ نہیں کہتا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ کیا ان کے ساتھ بھی وہی کرنا چاہے۔

بجلی سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت بجلی کے مسئلے کو سنجیدہ لے رہے ہیں، آصف زرداری، بلاول نے حل نکالنے کا کہا ہے، سولر منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری طلب 22 ہزار میگا واٹ کی ہے، ہمارا ٹرانسمیشن نظام 20، 25 ہزار میگا واٹ سے زیادہ ٹرانسمٹ نہیں کرسکتا، بجلی ہونے کے باوجود 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا مطلب بدانتظامی ہے۔