عوام پاکستان پارٹی کا کے الیکٹرک آفس پر احتجاج کا اعلان

مفتاح اسماعیل

کراچی: عوام پاکستان پارٹی نے کل کے الیکٹرک آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سفارشات حکومت اور کے الیکٹرک نمائندوں کو پیش کریں گے چاہتے ہیں حکومت چار ماہ کے لیے گھریلو صارفین پر انکم اور سیلز ٹیکس ختم کردے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈسکوز اوور بلنگ ختم کریں اور 31ویں دن میٹر ریڈنگ لینا بند کریں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کے الیکٹرک سمیت پاکستان بھر میں اوور بلنگ ہورہی ہے، نیپرا اس معاملے کو چیک کرے، لوڈشیڈنگ ہونے کے باوجود بل کم نہیں ہورہے، اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ فرنس آئل اور ایل این جی پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لیا جاتا ہے، بجلی گھروں میں فرنس آئل استعمال ہوتا ہے، حکومت کو ڈومیسٹک صارفین سے سیلز ٹیکس ہٹا دینا چاہیے اس سے لوگوں کے بلوں میں تیس فیصد کمی آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے انکم اور سیلز ٹیکس ہٹانا ہوگا، حکومت نے اپنے اخراجات میں اضافہ کیا ہے، سوچ بدلیں گے تو نظام بدلے گا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایم این ایز کے ترقیاتی بجٹ کم کرکے بجلی میں ریلیف دیا جاسکتا ہے، پاکستان کی حکمرانی کا نظام بدلنا ہے، یہاں عوام کے مفاد کو آگے نہیں لایا جاتا۔