ترکیہ کے وزیر خارجہ کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

ترکیہ کے وزیر خارجہ کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

کراچی: ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کے طیارے نے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

سول ایوی ایشن (سی اے اے) سے منسلک ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وزیر خارجہ حاقان فیدان کے طیارے میں ایندھن ختم ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی، طیارہ انقرہ جا رہا تھا اور ایندھن ختم ہونے کے قریب تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ری فیولنگ اور لینڈنگ کی اجازت مانگی، طیارہ 4 بج کر 55 منٹ پر لینڈ ہوا اور ری فیولنگ کے بعد حاقان فیدان روانہ ہوگئے۔

چند ہفتے قبل دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے کو اچانک کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

پرواز کے دوران غیر ملکی ایئر لائن میں ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی جس پر کپتان نے کراچی اے ٹی سی سے فوری ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی۔

تاہم دوران پرواز ہی مذکورہ خاتون مسافر خاتون انتقال کر گئی تھیں، مرحومہ کا تعلق سری لنکا سے بتایا گیا تھا۔ ہنگامی لینڈنگ کے فوری بعد سی اے اے ڈاکٹروں نے خاتون مسافر کو چیک کر کے ان کے مرنے کی تصدیق کی تھی۔

اس حوالے سے ذرائع سی اے اے نے بتایا تھا کہ 57 سالہ سری لنکن خاتون مسافر پالونی انتقال کر گئیں، خاتون مسافر کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، بعد ازاں خاتون مسافر کی میت کو لے کر مذکورہ پرواز کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو کی جانب روانہ کر دی گئی۔