بنگلا دیش میں موبائل انٹرنیٹ بحال جب کہ سوشل میڈیا پر بدستور پابندی عائد ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف مہلک مظاہروں پر قابو پانے کے لیے ملک گیر بلیک آؤٹ کے 11 دن بعد موبائل انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا۔
ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت جنید احمد پالک کے اعلان کے چند گھنٹے بعد جنوبی ایشیائی ملک کی 4G موبائل انٹرنیٹ سروسز اتوار کو دوبارہ شروع ہوگئیں۔
دارالحکومت ڈھاکا میں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز (ISP) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم نے آج سہ پہر 3 بجے سے 4G نیٹ ورک کنیکٹیویٹی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے کہ واٹس ایپ، فیس بک، ٹِک ٹاک اور یوٹیوب پر پابندیاں برقرار ہیں۔
اس سے قبل منگل کو براڈ بینڈ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بحال کر دی گئی لیکن بنگلہ دیش میں انٹرنیٹ صارفین کی ایک بڑی اکثریت دنیا سے رابطہ قائم کرنے کے لیے موبائل آلات پر انحصار کرتی ہے۔