راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی اور بشریٰ بی بی کو سزائیں دینے کا پلان بنایا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو ایک ریفرنس میں دو مرتبہ سزائیں دینے کا پلان بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دس دن کا ریمانڈ اس لیے دیا گیا تاکہ کیس میں سزائیں سنائی جائیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ اگست میں ہائیکورٹ ججز چھٹیوں پر چلے جائیں گے تب سزائیں سنانے کا پلان ہے، جو بھی اقدامات کیے جارہے ہیں وہ سب غیرآئینی، غیر قانونی ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اخلاقی طور شکست خوردہ ہیں، موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج آمنے سامے ہوں۔
علیمہ خان نے بتایا تھا کہ بانی نے کہا ہے کہ ملک میں رول آف لا اور جمہوریت نہیں ہوگی تو ملک آگے کیسے چلے گا؟ ملک میں کاروبار تباہ ہوچکا ہے، لوگ ملک چھوڑ کر چلے گئے۔