سرفراز احمد نے بھی "کے الیکٹرک” سے اپیل کر دی

پورا پاکستان بجلی کمپنیوں کے خلاف دہائی دے رہا ہے اور اب اس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد بھی شامل ہوگئے ہیں۔

اس وقت پورا پاکستان چاہے اس کا تعلق کسی صوبے یا شہر سے ہو وہ بجلی کا مارا ہے کسی کو بھاری بھرکم بلوں نے ادھ موا کر دیا ہے تو کسی کی زندگی بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے اجیرن ہوچکی ہے۔

بجلی کے ستائے افراد میں صرف عام افراد ہی شامل نہیں بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات بھی ہیں جن میں نیا اضافہ سابق قومی کپتان سرفراز احمد کا ہے۔

سرفراز احمد نے کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) سے اپیل کر دی ہے۔

2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پر کے الیکٹرک حکام سے بجلی بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔

سابق کپتان نے گزشتہ روز اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں کے الیکٹرک سے ان الفاظ میں درخواست کی کہ ’’کے الیکٹرک والوں لائٹ آن کردو بھائی۔‘‘

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کی اس درخواست کا اسکرین شاٹ بھی وائرل ہوگیا ہے جس پر صرف ان کے پرستاروں ہی نہیں بلکہ عام صارفین کی جانب سے بھی تبصرے جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں شدید گرمی کے باوجود کئی علاقے بدترین اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں۔