پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے صرف میں عوام کو باہر نکال سکتا ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پاکستان کو نکلنا ہوگا، پنجاب جب تک نہیں نکلے گا موثر احتجاج نہیں ہوسکتا، پورے پاکستان میں صرف میں ہوں جو عوام کو باہر نکال سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سنجیدہ کوشش نہیں کی جارہی، پارلیمنٹ میں تقریروں سے بات نہیں بنے گی۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ معلوم نہیں بانی پی ٹی آئی مجھ سے کیوں نہیں مل رہے، بانی سے ملاقات کے لیے جانا تھا لیکن اس دوران پارٹی رکنیت معطل ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتا تھا لیکن ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔
اس سے قبل عمرایوب کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت نے شرکت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری کوئی غلطی نہیں تھی لیکن میری پارٹی رکنیت معطل کردی گئی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میرے خلاف بیانات میڈیا کی زینت بننے کیلئے دیےجا رہے ہیں میرے گلے شکوے بانی پی ٹی آئی سے ہیں جو پارٹی قیادت تک پہنچا دیئے۔