قانون سازی کی جارہی ہے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملیں، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ایسی قانون سازی کی جارہی ہے کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملیں، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پرعمل کرائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم حکومت کے اس اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، سپریم کورٹ کی آئینی ذمداری ہے کہ وہ اپنے فیصلے پرعمل کرائے، پی ٹی آئی نے کُل ووٹوں کا پچاس فیصد لیا۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروانا لازمی ہے، امید ہے سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر عمل کرائے گی۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں پہلی بار پی ٹی آئی کی حیثیت سے شرکت کی، پہلی بار کوشش کی جارہی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کو اوور رول کیا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ 41 ایم این ایز نے بیان حلفی جمع کرائے ہیں، بیان حلفی کے باوجود ایم این ایز کیخلاف ایکشن لیے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ 41 ممبران کے نوٹس جاری کرائے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے باقی ایم پی ایز کے نوٹیفکیشن جاری کرے، سپریم کورٹ سے درخواست ہے ہمارے ممبران کو تحفظ فراہم کرے۔