بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش پریمیئر لیگ کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو پاکستان بھیج سکتے ہیں لیکن یہ حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2026 میں ون ڈے ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا اس میں شرکت کے لیے پاکستان اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے۔
راجیو شکلا نے کہا کہ اگر بھارت آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرتا تو قومی امکان ہے کہ پی سی بی جوابی ردعمل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے پاکستان ایشیا کپ بھارت نہ آکر کھیلنے کی دھمکی دے گا لیکن بورڈ کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی حکومت کے ہاتھ میں ہے، بی سی سی آئی کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے۔
راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ 2026 اور ایشیا کپ کے حوالے سے جو چاہے کہے لیکن ہمیں پاکستان جانے کے لیے حکومتی منظوری درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری اور مارچ میں پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جائے گی تاہم بھارتی بورڈ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو پر کروانے کا خواہاں ہے جبکہ پی سی بی پورا ایونٹ پاکستان میں کروانے کا خواہشمند ہے۔