اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو عبرت ناک جواب دیا ہے، نیتن یاہو

حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا بیان سامنے آیا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو عبرت ناک جواب دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے تہران میں قتل ہونے والے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کوئی ذکر نہیں کیا جبکہ ان کا خطاب تقریباً 5 منٹ تک ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کے شہید ہونے والے ایک سینئر اہلکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں جاری جنگ بندی کے دباؤ میں آجاتا تو کبھی بھی حماس کے رہنماؤں اور دیگر ہزاروں دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں کرسکتا تھا۔

نیتن یاہو کا تل ابیب میں خطاب کے دوران کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ آنے والے دن اسرائیل کے لیے چیلنجنگ ہیں۔ اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔حماس، حزب اللّٰہ اور حوثیوں پر تابڑ توڑ حملے کیے ہی، اسرائیل نے حزب اللّٰہ چیف آف اسٹاف فواد شکر سے بدلہ لے لیا ہے۔

غزہ پر اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، مزید 11فلسطینی شہید

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ شہریوں کو مشکل دنوں کا سامنا ہوگا لیکن اسرائیل ہر طرح کی صورتحال کیلیے تیار ہے۔ اسرائیل نے ایران کی پراکسیز کو منہ توڑ ردعمل دیا ہے۔ اسرائیل اپنے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔