راولپنڈٰی: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے غلطی ثابت کی جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ دار اگر ہم نہیں ہوئے تو ہم سے معافی کون مانگے گا، غلطی آپ کی ہو اور کہا جائے میں معافی مانگو ایسا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ جس کی غلطی ہے اس کو اپنی غلطی ماننا پڑے گی، اپنی انا کو تسکین پہنچانے کے لیے ایسی باتوں کے ذریعے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
علی امین نے کہا کہ شیر افضل مروت کی رکنیت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر عمل کیا گیا ہے، پارٹی میں ہر طرح کے لوگ ہوتے ہیں ہم پر بھی تنقید ہوتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارٹی میں جس کا جو کردار ہے اس کو اسی طریقے سے کام کرنا چاہییے، اعلان کروں کہ اسلام میں جلسہ کروں گا تو کرکے دکھاؤں گا ورنہ سیاست چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہہ دیا تھا مجھ پر حملہ ہوگا اور پھر حملہ کیا گیا، انہوں نے کہا تھا کہ میرے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کیا جائے گا۔
علی امین نے مزید کہا کہ پارا چنار کے معاملات پر سیز فائر ہوچکا ہے، کمیٹیاں بن گئی ہیں بیٹھ کر حل نکال لیں گے، پہلے بھی قربانیاں دیں، صوبے میں امن لائیں گے۔