’انوکھا لاڈلہ نہ جیولری واپس کرتا ہے نہ 9 مئی پر معافی مانگتا ہے‘

طلال چوہدری

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ انوکھا لاڈلہ نہ جیولری واپس کرتا ہے نہ 9 مئی پر معافی مانگتا ہے، مذاکرات کی پیشکش سے پہلے آپ 90 ملین پاؤنڈ واپس کریں۔

انہوں نے کہا کہ انوکھے لاڈلے کی کرپشن کی کہانیاں آج ہر شہری کی زبان پر ہیں، مذاکرات کی پیشکش سے پہلے توشہ خانہ کے تحائف واپس کریں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پہلے دوسروں کے اے سی اتارنے کی بات کرتا تھا اور اب خود فریج مانگ رہا ہے، جو شخص اپنے مخلص کارکنوں کا نہ ہوسکا وہ کسی اور کا کیا بنے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے ووٹ کو عزت ملی، آئینی طریقے سے نااہل کو گھر بھیجا گیا، انہوں نے اپنے ووٹ کو عزت دی ہوتی تو سنی اتحاد کونسل میں نہ جاتے، اگر ووٹ کو عزت دینے والے ہوتے پارٹی کے اندر انتخابات کرواتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا رہا وہ ہمیں ووٹ کی عزت کا لیکچر نہ دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج سے بات کرنے والی بات پرقائم ہوں اور میں فوج سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔

تحریک انصاف کے بانی کا کہنا تھا کہ جن کے پاس طاقت ہے ان سے ہی بات کروں گا اور جوبات کروں گا وہ واضح ہوگی، آئین کے اندررہ کربات کروں گا۔

انہوں نے اپنے مطالبات کے حوالے سے بتایا تھا کہ پہلا مطالبہ ہے کہ ہمارا چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

صحافی نے سوال کیا آپ نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا کہا؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ اچکزئی کو بات کرنے کا بالکل کہا لیکن سیاسی جماعتوں کے پاس کچھ نہیں، حکومت سے کیا مذاکرات کریں،4 حلقے کھلنے سے ان کی حکومت چلی جائے گی۔

یاد رہے چند روز قبل بانی پی ٹی آئی نے  کہا تھا کہ ہم نے فوج پر کبھی الزامات نہیں لگائے صرف تنقید کی ہے فوج اپنا نمائندہ مقررکرے ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔