واشنگٹن: امریکا کی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیریس اپنے ساتھی نائب صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان آج ریاست پنسلوینیا میں کریں گی۔
بی بی سی کے مطابق کملا ہیرس، جنھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی فاکس نیوز پر مباحثے کی پیش کش رد کر دی ہے، توقع ہے کہ وہ آج منگل کی صبح تک اپنے ساتھی کا اعلان کر دیں گی۔
اس حوالے سے شدید قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جب کہ انھوں نے ہفتے کے آخر میں واشنگٹن ڈی سی میں کئی سرکردہ امیدواروں کا انٹرویو کیا، جن میں جوش شاپیرو، ٹم والز اور مارک کیلی شامل ہیں۔
کملا ہیرس جس ساتھی کا انتخاب کریں گی، وہ اس ہفتے 7 شہروں کے 5 روزہ دورے پر ان کے ساتھ شریک ہو جائیں گے، ان دنوں وہ مرکزی ریاستوں میں اپنی مہم میں تیزی لا رہی ہیں۔
ٹرمپ صدارتی امیدوار حریف کملا ہیرس سے کس نیوز چینل پر مباحثہ کرنا چاہتے ہیں؟
سی بی ایس کے تازہ ترین سروے کے مطابق کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، اور ڈیموکریٹ یعنی کملا کو اپنے ریپبلکن حریف پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ اس میدان میں جو بائیڈن کے مقابلے میں ٹرمپ کو 5 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔
اتوار کو مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز، ایریزونا کے سینیٹر مارک کیلی اور پنسلوینیا کے گورنر جوش شاپیرو کے علاوہ کملا نے جمعہ کو ایک اور اعلیٰ دعوے دار ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری پیٹ بٹگیگ سے بھی ملاقات کی، جب کہ ورچوئلی بھی کئی امیدواروں سے بات کی گئی ہے۔