پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو میں فائنل مقابلے سے قبل پاکستانی اسٹار ارشد ندیم نے اپنے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کو ایک پیغام دیا ہے۔
اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے جیولن تھرور ارشد ندیم نے اپنے دوست اور کھیل کے میدان میں حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا کے لیے فائنل سے قبل نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں ارشد ندیم نے لکھا ہے کہ کہ یہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ جنوبی ایشیا سے صرف ہم دو، میں اور نیرج بھائی عالمی سطح پر دیگر کھلاڑیوں کا مقابلہ کریں گے۔
پاکستان کے ارشد ندیم اور انڈیا کے نیرج چوپڑا نے منگل کو جیولین تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس اولمپکس کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔
وہ آگے مزید لکھتے ہیں کہ اُمید کرتا ہوں کہ ہم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بین الاقوامی سطح پر اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا جو جیولن تھرو ایونٹ کے گروپ بی میں شامل ہیں۔ گزشتہ روز پہلے راؤنڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
جیولن تھرو کا فائنل کل (جمعرات) کو کھیلا جائے گا جس میں پاکستانی ارشد ندیم، بھارتی نیرج چوپڑا سمیت 12 ایتھلیٹس مدمقابل ہوں گے۔
واضح رہے کہ جیولن تھرو کی عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان ارشد ندیم اس سے قبل پاکستان کو کئی دیگر مقابلوں میں تمغے دلا چکے ہیں۔ برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 90.8 میٹر کی ریکارڈ تھرو کر کے پاکستان کو ایتھلیٹکس میں پہلی بار طلائی تمغہ دلایا تھا جب کہ گزشتہ سال ورلڈ ایتھلیٹکس میں چاندی کا میڈل حاصل کیا تھا۔
گزشتہ اولمپکس میں ارشد نے جیولن فائنل میں میڈلسٹ کو ٹف ٹائم دیا تھا اور صرف چند میٹر کے فرق سے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
https://urdu.arynews.tv/paris-olympics-arshad-nadeems-message-to-the-pakistani-nation/