قاہرہ: مصری میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے تمام ایئر لائنز کو 3 گھنٹوں کے لیے فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔
مصر کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بین الاقوامی ایئر لائنز سے کہا ہے کہ وہ 3 گھنٹے تک ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کریں، اس کی وجہ فوجی مشقیں بتائی گئی ہیں۔
ایران کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سربراہ سعید چلنداری نے کہا کہ صرف ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ دوسری طرف مصر اور برطانیہ نے اپنی پروازوں کو ایران اور لبنان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کا حکم دے دیا ہے۔
برطانوی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ مصر کی شہری ہوابازی کی وزارت نے بدھ کے روز انکشاف کیا کہ اس نے اپنی ایئر لائنز کو جمعرات کو تین گھنٹے کے لیے ایرانی فضائی حدود سے گریز کرنے کا حکم دیا تھا، کیوں کہ ایران کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ وہاں فوجی مشقیں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ خبر 31 جولائی کو تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد سامنے آئی ہے، اس قتل سے خطے میں کشیدگی میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے، رپورٹس کے مطابق اسرائیل ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔
ادھر اسرائیل نے حماس کے نئے رہنما یحیٰ سنوار کو بھی قتل کرنے کا عزم ظاہر کر دیا ہے، جو اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے ہیں۔