یوٹیوبر زوہیب بٹ لاہور سے گرفتار

لاہور: ایف آئی اے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے یوٹیوبر زوہیب بٹ کو حراست میں لے لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یوٹیوبر زوہیب بٹ کو صحافی غریدہ فاروقی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق زوہیب بٹ نے غریدہ فاروقی سمیت کئی خواتین پر جھوٹے الزامات لگائے تھے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے زوہیب بٹ سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزاسی مقدمہ میں یوٹیوبر اور ہوسٹ عمرعادل کو بھی ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا تھا۔

عمر عادل نے اینکر غریدہ فاروقی سمیت کئی خواتین پر فحش اور جھوٹے الزامات عائد کیے تھے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ونگ کی عمر عادل سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی یوٹیوبر عمر عادل کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ عمر عادل نے اپنے وی لاگ میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر خواتین اینکرز کی کردار کشی کی تھی۔

کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران 5 مبینہ پولیس مقابلے

درخواست میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور خواتین اینکرز کے حوالے سے گفتگو کرنے پر عمر عادل کے خلاف کاروائی کی جائے۔