دہشتگرد اسرائیلی فوج نے غزہ میں دو اسکولوں پر وحشیانہ بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ شہری دفاع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الزہرہ اسکول اور عبدالفتاح حمود اسکول کو بمباری کا نشانہ بنایا، دونوں اسکول شمالی غزہ کی پٹی میں غزہ شہر کے مشرقی علاقے میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الزہرہ اسکول میں 7 جبکہ عبدالفتاح حمود اسکول میں 5 فلسطینی شہید ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب، وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے خان یونس میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس میں ماں اور بچے سمیت 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔
بوریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 15 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کی دہشتگردی سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 39 ہزار 699 اور زخمیوں کی تعداد 91 ہزار 722 تک جا پہنچی۔
ناروے وزارت خارجہ نے بتایا کہ اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کی مدد کرنے والے ناروے کے 8 سفارت کاروں کو روک دیا، اسرائیل نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا بدلہ لیا ہے۔