کراچی: سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلولائن منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن کی زیرصدارت یلو لائن بی آر ٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بی آر ٹی ڈیپو پر کام شروع کرنے اور جام صادق پل کے جاری تعمیراتی کام سمیت مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، شرجیل میمن نے یلولائن کا تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تندہی سے کام کریں، عالمی بینک کی جانب سے منصوبے کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ڈیڈلائن میں منصوبے کی تکمیل کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو اجتماعی کوشش کرنا ہوں گی، یلولائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
سینئر صوبائی نے کہا کہ یلولائن سے کراچی کے شہریوں کیلئے سفر میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی، منصوبہ کراچی کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد کرے گا۔
اس موقع پر عالمی بینک کے نمائندے لنکن فلور اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس کے دیگر لوگ بھی اجلاس میں موجود تھے۔