انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں ماہ کھیلی جانے والی پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو اور جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ اسٹوک آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس میں امپائرنگ کے فرائض ایڈرین ہولڈ اسٹوک اور انگلینڈ کے مائیکل گف انجام دیں گے۔
آئی سی سی نے سیریز کے لیے سری لنکا کے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری بھی مقرر کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں ماہ بنگلہ دیش کی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے میزبانی کرنی ہے۔ سیریز کے لیے پی سی بی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ سعود شکیل کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش میں سیاسی حالات کے باعث بنگلہ ٹیم کی پاکستان آمد مقررہ شیڈول میں کچھ تاخیر سے ہوسکتی ہے۔ اس حوالے سے دونوں بورڈز بھی رابطے میں ہیں۔