اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے آہنی عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیوسے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس، صدرگلوبل ڈیوپلمنٹ ڈاکٹر کرس نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات، گورنر سندھ ودیگر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ملک بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم، تمام صوبوں کا مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیوکے مکمل خاتمے کے لئے آہنی عزم کا اعادہ کرتے ہیں، غیرمعمولی مدد اور تعاون پر بل گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پوری کوشش ہے 2025 تک موذی وائرس کامکمل خاتمہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں جہاں سیکیورٹی چیلنجز ہیں وہاں ہر بچے کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں، نئے پولیو کیسز کا سامنے آنا تشویش ناک ہے، صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کو شکست دیں گے۔
دوسری جانب بل گیٹس نے کے پی کے جنوبی اضلاع میں انسداد پولیو قطرے پینے والے بچوں کی شرح میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بل گیٹس نے کہا کہ حکومت کا 40 لاکھ بچوں کو آئی پی وی دینے کا منصوبہ ترتیب دینا خوش آئند ہے، انسداد پولیو کے اقدامات سے متعلق حکومتی کوششوں کا ساتھ دیتے رہیں گے۔