شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی سے پہلے شوہر علی انصاری کو بھائی سمجھتی تھیں۔
اداکارہ صبور علی کا نجی ٹی وی کو دیا گیا پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ شوہر علی انصاری سے متعلق اظہار خیال کررہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ علی کی بہن مریم انصاری میری بہترین دوست ہیں تو میں اسی وجہ سے ان کے بھائی علی انصاری کو بھی اپنا بھائی سمجھتی تھی کیونکہ ہمارے یہاں دوستوں کے بھائی کو بھی بھائی سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل انہوں نے اپنی دوست مریم انصاری کو بھی علی انصاری کے لیے کچھ لڑکیوں کے نام تجویز کیے تھے جب کہ انہوں نے شوہر کو بھی دوسری لڑکیوں سے شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
صبور علی کے مطابق انہوں نے شادی سے قبل شوہر کو دو لڑکیوں کے نام تجویز کرتے ہوئے ان سے شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا، کیوں کہ وہ اس وقت تک انہیں بھائی ہی سمجھتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب تک وہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار نہیں ہوئے تھے، وہ ایک دوسرے سے اپنے کیریئر، دوستوں اور محبت سمیت دیگر معاملات پر بات کرتے تھے اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی ایسی باتوں اور تعلق کا اختتام ان کی شادی پر ہوگا۔
یاد رہے کہ صبور علی اور علی انصاری 2022 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔