پاکستان کا فخر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ بھارتی جیولن تھروور نیرج چوپڑا کی والدہ بھی میری ماں جیسی ہی ہیں۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے جیولن تھروور ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ چکے ہیں اور ان کا لاہور ایئرپورٹ سے رہائشگاہ تک درجنوں مقامات پر شایان شان استقبال کیا گیا۔
اس دوران مقامی میڈیا نے ان کی توجہ ان کے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کی والدہ کے اس بیان کی جانب مبذول کرائی جس میں انہوں نے ارشد ندیم کو بھی اپنا بیٹا قرار دیا تھا اور ان کے تاثرات دریافت کیے۔
اس سوال کے جواب میں ارشد ندیم مسکرائے اور کہا کہ نیرج چوپڑا میرے دوست اور بھائی جیسے ہیں، جنوبی ایشیا سے ہم دونوں ہی فائنل میں پہنچنے تھے۔
View this post on Instagram
ان کا کہنا تھا کہ مائیں تو سب کی ایک جیسی ہوتی ہیں۔ میں نیرج چوپڑا کی والدہ کا شکر گزار ہوں انہوں نے میرے لیے دعا کی اور میں نے گولڈ میڈل جیتا، وہ بھی میری ماں ہی ہیں۔
واضح رہے کہ نیرچ چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی ہمارا ہی لڑکا ہے، اس کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی ہے۔ میں نے اس کے لیے بھی دعائیں کی تھیں۔
گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی نیرج چوپڑا سے گفتگو میں اُن کی والدہ کی طرف سے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے کو سراہا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/arshad-nadeems-father-in-laws-buffalo-as-a-gift/