ثاقب نثار آج تک بانی پی ٹی آئی کی پشت پناہی کر رہا ہے، شرجیل میمن

ثاقب نثار آج تک عمران خان کی پشت پناہی کر رہا ہے، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار آج تک بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پشت پنائی کر رہا ہے۔

شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں سابق چیف جسٹس پاکستان پر شدید تنقید کی کہ بہت سارے لوگ پاکستان میں ثاقب نثار کے انتشار کا شکار رہے ہیں، وہ آج تک سابق وزیر اعظم کی پشت پناہی کر رہا ہے، ثاقب نثار نے جنگل کا نہیں بلکہ اپنا قانون بنایا ہوا تھا، اگر ثاقب نثار کے سازش میں ملوث اور شواہد ہیں تو حساب ہونا چاہیے، کوئی شخص پاور فل ہے تو شواہد کی بنیاد پر اسے بھی گرفتار کرنا چاہیے۔

سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی گرفتاری پر شرجیل میمن نے کہا کہ حال ہی میں اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، فیض حمید کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریاں ہوئیں جس کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کی سالمیت کیلیے اہم قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔

عمران خان- بانی پی ٹی آئی سے متعلق تمام خبریں (arynews.tv)

انہوں نے کہا کہ 9 مئی میں ملوث اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اقتدار کی لالچ میں ملکی سالمیت کو داؤ پر لگایا گیا، جو ادارہ ملک کا سب سے بڑا سہارا ہے اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے میں پی ٹی آئی لیڈرشپ کے ساتھ کچھ سہولت کار بھی تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ 9 مئی بدترین باب تھا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، شائد ایک گروپ مل کر چاہ رہا تھا کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کریں جس سے دباؤ بڑھے، دباؤ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں روکنے کی کوشش کی گئیں، کوشش کی جا رہی تھی کہ دباؤ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا جائے، 2018 میں بانی پی ٹی آئی کو سازش کے تحت زبردستی اقتدار پر بٹھایا گیا تھا، پوری سازش کے تحت 9 مئی کا واقعہ کیا گیا جس کا مقصد عوام کو گمراہ اور اداروں کے خلاف کیا جائے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس کے ماسٹر مائنڈ ہیں مگر سننے میں آیا ہے گرفتار ہونے والے سہولت کار سازش میں شریک تھے، ایک اور سہولت کار بھی ہے جو پی ٹی آئی کو ریلیف دلانے کیلیے کردار ادا کر رہا ہے، وہ بدنام زمانہ سہولت کار جس نے آئینی عہدے پر ہوتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑائیں جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اس سہولت کار کے کہنے پر فریال تالپور اور خورشید شاہ کو گرفتار کروایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی اداروں کے خلاف کام کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، گرفتاریوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ساری سازشوں کے پیچھے پی ٹی آئی قیادت شامل تھی، پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ کچھ سہولت کار بھی تھے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ گھناؤنے مقاصد کیلیے لوگوں کی عزت نفس سے کھیلنے والے آج شکنجے میں آ رہے ہیں، اس سہولت کار نے اپنی کرسی پر بیٹھ کر کردار کشیاں کیں، ذاتی مقاصد کیلیے اپنے اداروں، سیاسی جماعتوں اور لوگوں کو وقتی کامیابی کیلیے نقصان پہنچاتے ہیں، خیر مقدم کرتے ہیں کہ آہستہ آہستہ سب بے نقاب ہو رہے ہیں اور کچھ ہونے ہیں۔