فائنل سے قبل "کون سا کھانا” ونیش پوگھاٹ کے پیرس اولمپکس سے نا اہلی کا سبب بنا؟ دلچسپ خبر

پیرس اولمپکس میں ریسلنگ مقابلے کے فائنل سے قبل بھارتی ریسلر وینش پوگھاٹ کو نا اہل کر دیا گیا اور صرف کھانا ان کی نا اہلی کا سبب بنا۔

حال ہی میں ختم ہونے والے پیرس اولمپکس میں بھارت کی گولڈ میڈل کی امیدوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب ریسلنگ کے فائنل مقابلے سے قبل بھارتی ریسلر کو معمولی زائد وزن کی بنا پر نا اہل قرار دے دیا گیا۔

بھارتی ریسلر ونیش پوگھاٹ کا وزن پیرس اولمپکس مقابلوں کے آغاز سے قبل 50 کلو گرام کی مقررہ حد سے کم تھا مگر مقابلے کے پہلے روز فائنل کے لیے کوالیفائی کر جانے پر ان کی جیت کا جشن جاری تھا کہ انہیں نا اہل قرار دے دیا گیا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ ایسا کیا ہوا کہ راتوں رات ان کا وزن مقررہ وزن سے 2.7 کلو گرام بڑھ گیا۔

انڈین میگزین کے مطابق فائنل سے قبل ونیش نے جوس، اسنیکس اور فلوئڈز کا مزا اڑایا جو ان کے اولمپک گیمز سے اخراج کا سبب بنا۔

رپورٹ کے مطابق فائنل کے روز مقابلے سے قبل ونیش پھوگاٹ نے سب سے پہلے 300 گرام کے لگ بھگ جوس پیا اور اس کے بعد خود کو مقابلے کے لیے متحرک رکھنے کے لیے کچھ مزید فلوئیڈز لیے جس کی وجہ سے متوقع طور پر ان کے وزن میں دو کلو تک کا اضافہ ہوا۔

اس کے بعد ونیش پھوگاٹ نے 700 گرام کے لگ بھگ کچھ اسنیکس کھائے تاکہ وہ خود کو طاقت سے بھرپور رکھ سکیں اور یوں سیمی فائنل کے بعد ونیش کا وزن 52.7 کلوگرام تک پہنچ گیا۔

جب ونیش کا وزن مقررہ حد سے تجاوز کر گیا تو ایتھلیٹ کو اس بات پر پریشانی ہوئی اور انہوں نے فائنل سے قبل کی رات جاگ کر اور سخت محنت کرتے ہوئے گزاری تاکہ خود کو فائنل کھیلنے کے قابل کر سکیں۔ وہ بغیر آرام کیے 6 گھنٹے تک ٹریڈ مل پر دوڑتی رہیں اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اس کے بعد مزید تین گھنٹے تک سوانا میں رہیں۔ اس دوران انہوں نے کھانے کا ایک لقمہ یا پانی کا ایک گھونٹ تک نہیں پیا۔

فائنل تک رسائی ممکن بنانے کے لیے ونیش پھوگاٹ کے کوچز نے ان کے لباس میں بھی تبدیلی کی حتیٰ کہ ان کے بال، ناخن تک کاٹ دیے جب کہ جسم سے خون بھی نکالا، تاکہ کوئی بھی چیز وزن میں اضافے کا سبب نہ بنے لیکن فائنل شروع ہونے سے قبل انہیں مقررہ 50 کلو گرام سے صرف 100 گرام زائد وزن ہونے کے باعث نا اہل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ کھیلوں کی عالمی عدالت نے بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ کی اپیل مسترد کر دی جس کے بعد انہیں چاندی کا تمغہ بھی نہیں دیا جائے گا۔