پی ٹی آئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا

حماد اظہر

اسلام آباد: پی ٹی آئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا اور کہا کام جاری رکھیں، تحفظات دورہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی تازہ سیاسی صورت حال پرغور کیا گیا ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کے مقدمات اور قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مستردکردیا ، کورکمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سےبھی استعفیٰ منظورنہ کرنےکی درخواست
کی۔

کورکمیٹی کا کہنا تھا کہ رہنما پی ٹی آئی کام جاری رکھیں،تحفظات دورہوں گے اور وہ خود استعفیٰ کے معاملے پر ازسرنو غور کریں۔

یاد رہے سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور اپنے بیان میں لکھا تھا کہ بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی۔

انہوں نے کہا تھا کہ میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اڈیالہ نہیں جا سکتا، پنجاب کی تنظیم میں ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ میری رائے اور نہ رضا مندی شامل تھی، ان میں اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ تھی۔