پنڈی اسٹیڈیم کی پچ کیسی ہو گی؟ اہم خبر

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں جائیں گے جس کی پچ کے بارے میں قومی بیٹر نے اہم بات کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے روالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ فاسٹ بولرز کی مدد کرے گی۔ ہماری بولنگ اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ بہترین کھیل پیش کر سکیں۔

سلمان علی آغاز نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اچھی اور بیلنس ہے لیکن ہمیں ڈومیسٹک تجربے کی وجہ سے کنڈیشنز کا زیادہ اندازہ ہے۔

مڈل آرڈر بلے باز نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، ان پر بولنگ کرنے کا زیادہ پریشر نہیں ہے۔ آسٹریلیا میں بھی اکیلا اسپنر کھیلا اور اچھا پرفارم کیا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ پر ہلکی گھاس چھوڑی جائے گی اور پاکستان 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی فاسٹ بولنگ لائن شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ، نسیم شاہ اور خرم شہزاد پر مشتمل ہوں گی جب کہ عامر جمال کے کھیلنے کے امکانات کم ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کےلیے بطور وکٹ کیپر سرفراز احمد یا محمد رضوان میں سے کسے کھِلایا جائے؟ تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا ہے تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار پچز پر بہتر ریکارڈ کے باعث محمد رضوان کے کھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کئی روز سے پنڈی میں موجود ہے جب کہ بنگلہ دیش کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاک بنگلہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 30 اگست سے شیڈول تھا تاہم وہاں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے میچ کو پندی اسٹیڈیم منتقل کر دیا گیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/pakistan-bangladesh-2nd-test-match-shifted-khi-to-pindi/