’اس سال ہر چوتھا ملک غریب ہو جائے گا‘

اس وقت پوری دنیا معاشی بحران کا شکار ہے اور ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سال دنیا کا ہر چوتھا ملک غریب ہو جائے گا۔

انڈین میڈیا کے مطابق وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے بھارت کی وزیر خزانہ نرملا سیتن رمن نے عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک دنیا کا ہر چوتھا ترقی پذیر ملک غریب ہو جائے گا اور انہوں نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

نرملا سیتن رمن نے کہا کہ پیسے کی کمی ترقی پذیر ممالک کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ ہمیں غریبوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے 4 ٹریلین ڈالر کی اشد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کووڈ وبائی مرض سے پہلے کی صورتحال تک پہنچ سکتے ہیں۔ دنیا میں جاری کئی بحران اس صورتحال کو مزید سنگین بنا رہے ہیں جس سے ان ممالک میں پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول بہت مشکل کام ہوتا جا رہا ہے اور کئی حوالوں سے یہ ملک آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے کی طرف جا رہے ہیں۔ اگر ہمیں حالات کو سنبھالنا ہے تو ہمیں فوری طور پر 4 ٹریلین ڈالر خرچ کرنے ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کم آمدنی والے ممالک ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ تاہم، درمیانی آمدنی والے ممالک بھی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہیں۔ ایسے میں ان کی بھی مدد کی جانی چاہیے۔ اس کے لیے ترقیاتی بینکوں کو بھی اپنی ذمے داریاں بڑھانا ہوں گی جب کہ نجی شعبے کو بھی آگے آنا ہوگا۔