بھارت میں پھول فروش خاتون کے بیٹے نے ماں کے آئی فون خرید کر دینے سے انکار پر تین روزہ بھوک ہڑتال کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ زیرِ گردش ہے جس میں پھول فروش خاتون اور اس کا بیٹا آئی فون خریدنے کیلیے ایک اسٹور پر موجود ہیں۔
خاتون نے مالی تنگ دستی کے باعث بیٹے کو مہنگا ترین موبائل فون خرید کر دینے سے انکار کیا تھا جس کے بعد نافرمان بیٹا تین روز تک بھوک ہڑتال پر چلا گیا۔
بیٹے کے تین دن سے کچھ نہ کھانے پر والدہ سخت پریشانی میں مبتلا رہیں اور بالآخر انہیں مطالبہ ماننا پڑا۔ سوشل میڈیا صارفین لڑکے کو اس کی والدہ کی جدوجہد اور محنت کو نہ سمجھنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہا ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں خاتون نے بتایا کہ اس نے اپنی تمام جمع پونچی بیٹے کے حوالے کر دی کیونکہ وہ آئی فون خریدنے کی ضد کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ایک مندر کے باہر پھول فروخت کر کے اپنا گھر چلاتی ہیں۔ خاتون نے بیٹے کو چیلنج دیا کہ وہ اسے تمام رقم واپس کرے گا۔
ویڈیو کلپ کو سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر آج پوسٹ کیا گیا جو صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ایک صارف نے نوجوان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ تم اس آئی فون کا کیا کرو گے؟ اگر تم اس پیسے کو کسی اچھے کام میں استعمال کرتے تو تمہاری اور تمہاری والدہ کی زندگی بہتر ہوتی۔
دوسرے نے لکھا کہ یہ ہم تھے جنہوں نے اپنے والدین کو کبھی پریشان نہیں کیا، وقت وقت کی بات ہے، زمانے کے ساتھ بچے بھی بدلتے جا رہے ہیں۔