وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ نے محکمہ تعلیم کو ممکنہ بارش کی صورت میں پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی ہے
سردار شاہ کا کہنا ہے کہ افسران اسکولز کی ازسرنو نگرانی کریں اور صورتحال پر رپورٹ پیش کریں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ خستہ حال اسکولز کی عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے، اسکول میں تدریسی عمل کے دوران تحفظ کے لیے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن کی سڑکیں زیرآب آگئیں۔
نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا اور سہراب گوٹھ میں بادل جم کر برسے، برسات کی وجہ سے اورنگی ٹاؤن اور سرجانی کی مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 70.4 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، اورنگی ٹاؤن میں 26 اور گلشن معمار میں 8.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ نارتھ کراچی میں 7.5 ملی میٹر، مسرور بیس پر 2 اور میٹ آفس کے اطراف میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
ماہرموسمیات کا کہنا تھا کہ سرجانی میں رات تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔