کھلونوں پر جھگڑا، سنگدل باپ نے ایک بیٹی کو قتل، دوسری کو زخمی کر دیا

باپ اولاد کے لیے چھاؤں کی مانند ہوتا ہے جو اسے ہر دکھ تکلیف سے بچاتا ہے لیکن ایک سنگدل باپ نے معصوم بیٹی کو قتل کر ڈالا۔

یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آیا جہاں ایک سنگدل باپ نے کھلونوں پر لڑائی کرنے پر سفاکی کی انتہا کرتے ہوئے ایک بیٹی کو مار ڈالا اور دوسری کو شدید زخمی کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کھلونوں سے کھیلنے کے دوران دو کمسن بہنوں جن کی عمریں 8 اور 6 سال بتائی جا رہی ہیں، آپ میں جھگڑ پڑیں۔ اس موقع پر وہاں موجود باپ مشتعل ہوگیا اور اس نے سنگدلانہ انداز اختیار کرتے ہوئے دونوں بچیوں پر بہیمانہ تشدد کیا جس سے چھ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جب کہ 8 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔

پولیس نے ملزم باپ ذیشان عرف سلمان کو گرفتار کر لیا اور اس پر قتل اور دیگر جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بچیوں پر تشدد کے بعد جب وہ رات کے کھانے کے لیے بیٹیوں کو ان کے کمرے میں لینے گیا تو بڑی بیٹی درد سے تڑپ رہی تھی جب کہ چھوٹی بیٹی بے حس وحرکت پڑی ہوئی تھی۔

یہ منظر دیکھ کر باپ کے اوسان خطا ہوگئے اور وہ دونوں بیٹیوں کو لے کر قریبی اسپتال گیا، جہاں ڈاکٹروں نے چھوٹی بیٹی کو مردہ قرار دے دیا جب کہ بڑی بیٹی کو علاج کے لیے داخل کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی بیوی آئے روز کے جھگڑوں سے تنگ آ کر علیحدہ رہ رہی ہے۔