سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات جیتنے والے فاتحین کو مجموعی طور پر 40 لاکھ ریال (پاکستانی لگ بھگ 30 کروڑ روپے) انعام دیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق کل مسجد الحرام میں خصوصی تقریب ہوگی جس میں مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزاد سعود بن مشعل کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات وتحفیظ اور تفسیر قرآن کے 44 ویں ایڈیشن کے فاتحین کو انعامات اور اعزازات سے نوازیں گے۔
ًمقابلے کے فاتحین کو مجموعی طور پر 40 لاکھ سعودی ریال (پاکستانی مالیت تقریبا 30 کروڑ روپے) کے انعامات دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مقابلے کے تمام شرکا میں بھی مجموعی طور پر 10 لاکھ ریال (لگ بھگ ساڑھے سات کروڑ روپے پاکستانی) انعام دیا جائے گا۔
اس مقابلے کے نگراں وزیر اسلامی امور عبدالطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے بتایا کہ یہ مقابلے 1978 سے جاری ہیں تاہم رواں سال سب سے زیادہ شرکا سامنے آئے ہیں اور مقابلے میں 123 ملکوں کے 173 قرا، حفاظ نے شرکت کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مقابلہ مملکت کی جانب سے قرآن پاک اور اسے حفظ کرنے والوں کی دیکھ بھال کو اجاگر کرتا ہے۔