’تنخواہوں اور مکان کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل آجاتے ہیں‘

امیر جماعت اسلامی

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور مکان کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل آجاتے ہیں، ہم تو دھرنے بھی دے رہے ہیں احتجاج بھی کررہے ہیں۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم اعتراف کرتے ہیں غریب آدمی بجلی کا بل ادا نہیں کرسکتا، ہم نے حکومت کو بتایا ہے بل کیسے کم ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے، وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کرے، جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے توجمہوری رویہ اپنانا ہوگا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ سیاست دانوں کا آمرانہ طرزعمل ہوگا تو پھرجمہوریت نہیں جمہوری آمریت ہوگی، پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت کا براحال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں امن وامان کی صورت حال مخدوش ہے، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے خود کوجمہوری کہنے والوں کو جمہوری بن کر دکھانا ہوگا، سندھ میں کچے کےعلاقوں میں ڈاکوؤں کا راج ہے، بجلی کی چوری عملے کے بغیرنہیں ہوتی وہ ملے ہوئے ہوتے ہیں۔