بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے پاکستان کی ویب سائٹس کو جعلی انٹرویو شائع کرنے کے الزام میں قانونی نوٹس بھجوادیے۔
عامر خان کی نئی فلم’’پی کے‘‘نے ریلیز ہوتے ہی دنیا بھرسے 620 کروڑروپے کما کربزنس کے تمام تر ریکارڈ توڑ دیے ہیں انکی یہ فلم ریلیز ہوتے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی تھی۔
بلی وڈ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عامر خان نے پاکستانی ویب سائٹس پرشائع ہونے والے انٹرویو کو جعلی قرار دے دیا جس میں ان کی فلم ’’پی کے‘‘کے حوالے سےمذہبی سوالات اور ان کے جوابات تھے۔
عامر خان کے قانونی مشیر آنند دیسائی نے قانونی نوٹس بھجوائے اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’عامرخان کی نئی فلم کے حوالے سے پاکستانی ویب سائٹس پرشائع شدہ انٹرویونے خود عامرخان کو بھی حیران کردیا تھا‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد صرف اورصرف ویب سائٹس پر صارفین کی تعداد بڑھانا ہے اور اس عمل سے ان کے موکل کی اہانت ہوئی ہے۔
عامر خان سے منسوب انٹرویو کا عکس نیچے ملاحظہ کیا جاسکتا ہے جس میں ان کی فلم کے حوالے سے اسلام اور ہندو مت کا تقابل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

آنند دیسائی نے مزید کہا کہ عام خان اس وقت امریکہ میں ہیں اور واپس آتے ہی ممبئی پولیس کے سائبرکرائم سیل میں اپنی شکایت بھی درج کرائیں گے۔