بنگلہ دیش میں سیاسی تبدیلی کے بعد کرکٹ بورڈ میں بھی اکھاڑ پچھاڑ

بنگلہ دیش میں میں سیاسی تبدیلی اور حسینہ واجد کی 16 سالہ مطلق العنان حکومت کے خاتمے کے بعد اب کرکٹ بورڈ میں بھی برے پیمانے پر تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے استعفیٰ دے دیا ہے جب کہ سابق بنگلہ دیشی کرکٹر فاروق احمد کو بی سی بی کے نئے صدر کی ذمے داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

سابق صدر نظم الحسن معزول وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے تھے اور 2012 میں پہلی بار بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ منتخب ہوئے تھے۔

نظم الحسن جو گزشتہ 12 سال سے مسلسل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہونے کے ساتھ حسینہ واجد کابینہ میں کھیلوں کے وزیر بھی تھے اور حالات کی تبدیلی کے بعد اس وقت لندن میں روپوش ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے اصلاحات لانے کی خاطر محمد یونس کی زیر قیادت عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے اپنا عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔