پاکستان نے بھارت کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان کے ننھے سفیان محسود نے عرفان محسود کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے بھارت کا گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیرستان سے تعلق رکھنے والے کم عمر مارشل آرٹس سفیان محسود نے 5 سال کی عمر میں بھارت کا مشکل ترین ورلڈ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔

ننھے سفیان محسود نے عرفان محسود کے ساتھ مل کر سافٹیسٹ ٹائم ٹو کلائمب (انسانی جسم کے اعضا کے گرد لٹک کر چکر کاٹنا) کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور صرف 7.87 سیکنڈر میں یہ چکر مکمل کیا۔

اس سے قبل انسانی جسم کے اعضا کے گرد کم ترین وقت میں چکر کاٹنے کا ریکارڈ انڈیا کے پاس تھا۔ انڈیا کے گوکلناتھ اور ایم وی ارجن پریان کے پاس تھا جنہوں نے 2021 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا اور 9.7 سیکنڈز میں یہ چکر مکمل کیا تھا۔

اس اعزاز کے ساتھ سفیان محسود پاکستان کے کم عمر ترین گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔

عالمی ریکارڈز کے گینز بک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ریکارڈ رواں سال 19 جون کو بنایا گیا جو اب درج کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس ریکارڈ میں سفیان محسود کے شریک عرفان محسود 8 سال کے کم عرصے میں 100 گینز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔

عرفان محسود کو گزشتہ سال 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی سے بھی نوازا گیا تھا جب کہ رواں سال انہوں نے اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی تھی۔

اٹلی کے مارسیلو نے پاؤں کی انگلی سے 56 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو عرفان محسود نے توڑا تھا۔

پاکستانی ریکارڈ میکر کے پاس پاؤں کی انگلی سے 63 کلو وزن اٹھانے کا عالمی ریکارڈ ہے، جبکہ عرفان محسود پش اپس کیٹیگری میں ورلڈ لیول پر سب زیادہ 46 ریکارڈز بنا چکے ہیں۔