طوفانی بارشوں کے باعث سکھر ایئرپورٹ کے رن وے کی لائٹس خراب ہو گئی ہیں جس کے باعث وہاں پروازوں کی لینڈنگ میں مشکلات ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سکھر میں کچھ دن قبل ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سکھر ایئرپورٹ کے رن وے کی لائٹس بھی خراب ہو گئی ہیں جس کے باعث وہاں پروازوں کی لینڈنگ میں مشکلات ہیں اور ایران سے زائرین کی میتیں لانے والا سی ون 30 طیارہ بھی اندھیرے میں سکھر ایئرپورٹ پر نہیں اتر سکتا۔
ذرائع کے مطابق سی ون تھرٹی طیارے کو دوپہر ایک بجے سکھر ایئرپورٹ پر اترنا تھا جب کہ ایران میں طیارے کی بر وقت کلیئرنس نہ ملنے پر تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے اب اس طیارے کو موہن جو دڑو یا جیکب آباد ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایران میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 28 افراد کے جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔
حادثہ تفتان چیک پوائنٹ کے قریب پیش آیا تھا اور بس میں آگ بھی لگ گئی تھی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد میں 11 خواتین اور 17 مرد شامل ہیں جب کہ 14 شدید زخمی ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/28-pakistani-pilgrims-killed-in-iran-road-accident/