پنجاب حکومت نے کچے کے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 1کروڑ روپے مقرر کر دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر خطرناک ڈاکو کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے جب کہ کم خطرناک ڈاکوؤں اور دہشتگرد کی گرفتاری پر 25لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
سانحہ کچہ ماچھکہ کے بعد پنجاب پولیس نے کچے میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں پر حملے میں ملوث مرکزی ملزم بشیر شر انجام کو پہنچا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رات گئے پولیس آپریشن میں ڈاکو بشیرشر مارا گیا، جو پولیس اہلکاروں پر حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔
رات سے جاری آپریشن میں بشیرشر کے پانچ ساتھی زخمی ہوئے، زخمی ڈاکوؤں میں ثنااللہ شر، گدا علی، کملوشر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث ڈاکوؤں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔