بھارت میں جم میں ایکسرسائز کرتے ہوئے 19 سالہ طالب علم کی موت ہوگئی جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع جام نگر میں جم میں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے نوجوان کی موت ہوگئی۔
متوفی کی شناخت کشن مانک کے نام سے ہوئی جس کی عمر 19 سال اور وہ ایم بی بی ایس کا طالب علم تھا۔
افسوسناک واقعے کی ویڈیو جم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی، جس میں مانک کو ورزش کرتے ہوئے اچانک زمین پرر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
نوجوان کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اسی طرح کے ایک واقعے میں گزشتہ ماہ مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک جم میں کارڈیو سیشن کے دوران ایک 54 سالہ تاجر کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں متوفی کنولجیت سنگھ بگا کو دکھایا گیا تھا جو کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ وارم اپ کر رہا ہے اور اچانک بے چین ہو کر فرش پر گر پڑا۔
کلپ میں بگا کو جم میں لوگوں کے ایک گروپ کے ساتھ ورزش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن اچانک وہ بے چین دکھائی دیتے ہیں اور دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اچانک فرش پر گرنے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوجاتی ہے۔