یوکرین کن ممالک کے ہتھیار استعمال کر رہا ہے؟

روس کے سرحدی علاقے کرسک میں یوکرین اپنی پیش قدمی کو جاری رکھنے کے لیے کن ممالک کے ہتھیار استعمال کر رہا ہے؟

یوکرین نے تصدیق کی ہے کہ اس نے کرسک میں دریائے سیم پر روسی پلوں پر حملے کے لیے امریکا کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار استعمال کیے ہیں۔

ایک روسی فوجی تفتیش کار نے کہا کہ یوکرین نے سیم کے تین پلوں میں سے ایک کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے جس سے باقی دو کو نقصان پہنچا ہے۔ امریکہ نے باضابطہ طور پر اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے کہ آیا اس کے ہتھیار استعمال ہوئے ہیں۔

تاہم کریملن کے ایک ترجمان نے پہلے کیف پر الزام لگایا تھا کہ وہ کرسک کے علاقے میں حالیہ دراندازی میں مغرب میں بنائے گئے ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور جرمنی سمیت نیٹو کے کئی ممالک نے یوکرین کو کرسک میں اپنے ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ سرحدی علاقے کُرسک میں یوکرین اور روسی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے، صدر وولودیمیر زیلینسکی کا کہنا ہے کرسک میں ان کی پوزیشن مستحکم ہو رہی ہے، آرمی چیف نے بتایا کہ کرسک میں پیش قدمی جاری ہے، اور روس کے متعدد فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔