کراچی: سندھ حکومت نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے ساؤتھ زون میں 25 سے 27 اگست تک ڈبل سواری پر پابندی رہے گی جبکہ ایسٹ میں 26 اگست، ویسٹ زون میں 25 اور 26 اگست کو پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ حیدر آباد اور ٹھٹھہ میں 25 اور 26 اگست کو پابندی ہوگی، دادو اور سجاول میں 25 سے 27 اگست تک پابندی عائد رہے گی۔
لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں 26 اگست، سکھر میں 24 سے 29 اگست، قمبر، کشمور، جیکب آباد میں 25 اور 26 اگست، میرپور خاص میں 26 اور 27 اگست کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے بتایا کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سفارش پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی۔
موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عام طور پر اس وقت عائد کی جاتی ہے جب کسی علاقے میں سیکیورٹی حالات خراب ہوں یا کسی خاص موقع پر عوامی امن و امان کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہوں۔ یہ پابندی عموماً عارضی ہوتی ہے اور اس کا مقصد دہشت گردی یا دیگر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنا ہوتا ہے۔